حیدرآباد، 5؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز برائن لارا نے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو موجودہ دور کا بہترین بلے باز قرار دیتے ہوئے ان کو کپتانی کے لیے متاثر کن بتایا ہے۔لارا ان دنوں گولف میں ہاتھ آزما رہے ہیں اور اب حیدرآباد آئے ہوئے ہیں۔131ٹیسٹ میچوں میں 11953رن بنانے والے کیربیائی عظیم کرکٹر نے کہاکہ وراٹ کوہلی موجودہ کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور بلے بازی کا ان کا اپنا اسٹائل ہے، میں کھلاڑیوں کی درجہ بندی نہیں کر رہا ہوں یا اس کا کسی سے موازنہ نہیں کر رہا ہوں، یہاں تک کہ کپتانی میں بھی اس کا اپنا الگ انداز ہے جو بہت ہی متاثر کن ثابت ہو رہا ہے۔ لارا نے اس موقع پر اپنے اچھے دوست سچن تندولکر کا بھی ذکر کیا ۔انہوں نے کہاکہ عظیم سچن تندولکر کی حوصلہ افزائی یاد رکھنی چاہیے ۔انہوں نے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے کافی مالا مال وراثت چھوڑی ہے اور اب وہ دنیا پر حکمرانی کرنے کو تیار ہیں۔